اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بغیر ماسک ایوان میں شرکت پر پی ٹی آئی رکن جنید خان کی سرزنش کرتے ہوئے اراکین کی جانب سے ایس او پیز اور پروٹوکول کی خلاف وزریوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا سے صحتیاب ہونے والے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ایوان میں پہنچے تو ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا، اسپیکر نے بعض ارکان کی جانب سے احتیاطی تدابیر نہ اپنانے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اجلاس میں شریک اراکین خود اپنے دشمن بن رہے ہیں، مجھے پتہ ہے کہ میں کس تکلیف سے گزرا ہوں، مجھے پتہ میرے بچے کس تکلیف سے گزرےہیں۔
اسپیکر نے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی جنید خان کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ماسک پہنیں اور اراکین پروٹوکول کا خیال رکھیں، اپنے اوپر اور پوری قوم پر رحم کریں جس نے آپس میں بات کرنی ہے ایوان سے باہر جائے۔
اسپیکر نے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ صاحب آپ بہت قریب ہیں سماجی فاصلہ رکھیں، راناثنااللہ رکن اسمبلی برجیس طاہر سے سرگوشی کر رہے تھے۔
ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رکن راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ہم خود اپنی جان کی بات نہیں کررہے ہیں ہم اپنے گھرجاتے ہیں توبچوں، خاندانوں کیلئے وبا ل جان بنتےہیں۔