اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے اہم ترین ملاقات کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایکشن میں آگئے اور ہنگامہ آرائی میں ملوث ارکان کے خلاف سخت فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں ہنگامہ آرائی اور نازیبا الفاظ استعمال والے سات اسمبلی اراکین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُن کے قومی اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
ارکان قومی اسمبلی پر یہ پابندی اسپیکر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی بعد عائد کی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر نے یہ کارروائی اسمبلی کے قواعد وضوابط کے تحت کی جس کے تحت ارکان پر یہ پابندی اگلے احکامات آنے تک جاری رہے گی۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس اور قائد حزب اختلاف کی تقریر کے دوران خلل پیدا کرنے والے ارکان جن کا رویہ غیر پارلیمانی اور نامناسب تھا ان کے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے pic.twitter.com/Gs5kBjWqyI
— Asad Qaiser (@AsadQaiserPTI) June 16, 2021
جن اراکین پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں علی نواز اعوان، عبدالمجید خان ، فہیم خان، شیخ روحیل اصغر، علی گوہر خان، چوہدری حامد حمید اور آغا رفیع اللّٰہ شامل ہیں۔
اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ قائدحزب اختلاف کی تقریر کے دوران خلل پیدا کرنے والے ارکان کا رویہ غیر پارلیمانی تھا، ان اراکین کا رویہ نامناسب تھا، اس کئے ان کے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب اس سلسلے میں متعلقہ اراکین اور اسمبلی سیکیورٹی کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں آج اسمبلی اجلاس میں گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہوئی ہنگامہ آرائی کا معاملہ زیر غور آیا، اجلاس میں ہنگامہ آرائی کی ویڈیوز بھی دیکھی گئیں۔
اسپیکر نے اجلاس کے دوران کہا کہ پارلیمنٹ میں اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کر سکتے، ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور گزشتہ روز قومی اسمبلی میں پیش آنیوالے واقعہ پر بات چیت ہوئی۔وزیراعظم کو واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ایوان کا تقدس پامال کرنے والوں کیخلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے گی۔
— Asad Qaiser (@AsadQaiserPTI) June 16, 2021