تازہ ترین

اسپیکر قومی اسمبلی کا سپریم کورٹ کو عدالتی اصلاحات بل سے متعلق ریکارڈ فراہم نہ کرنےکا فیصلہ

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سپریم کورٹ کو عدالتی اصلاحات بل سے متعلق ریکارڈ فراہم نہ کرنےکا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل کیس میں ریکارڈ فراہمی کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کو ریکارڈ فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

رجسٹرار نے ریکارڈ فراہمی کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا تھا ، رجسٹرار نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی کارروائی اور قائمہ کمیٹی کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے معاملہ ایوان پر چھوڑ دیا تھا تاہم ایوان نے تاحال ریکارڈ فراہمی کی اجازت نہیں دی۔

خیال رہے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف کیس کی سماعت آج ہوگی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے تمام فریقین سے بل پر تحریری رائے مانگ رکھی ہے جبکہ سپریم کورٹ رولز اینڈ پروسیجر بل پر پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ طلب کر رکھا ہے جبکہ قائمہ کمیٹی میں ہونیوالی بحث کا ریکارڈ بھی عدالت عظمی نے پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

یاد رہے قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا جس میں سپریم کورٹ کے ججز کے معاملے پر گرما گرم بحث جاری رہی۔

قومی اسمبلی کے ارکان نے ایک بار پھر اسپیکر پر زور دیا تھا کہ پارلیمنٹ کا ریکارڈ سپریم کورٹ کو فراہم کرنے سے انکار کردیا جائے۔

Comments

- Advertisement -