اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں انہیں قومی خدمت کا بھرپور موقع دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کو ٹائیگرز فورس کے موثر استعمال کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ٹائیگرز فورس کی ذمہ داریوں کے طریقہ کار پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ٹائیگرز فورس کی ایپلیکشن لانچ کرنےکی منظوری دے دی۔
وزیراعظم پاکستان نے جیو ٹیگنگ پر مشتمل موبائل ایپلی کیشن ملک بھر میں لانچ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان رضا کاروں کو بہترین سہولت اور آسانیاں فراہم کی جائیں،نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں انہیں قومی خدمت کا بھرپور موقع دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی نشاندہی،موقع پر کارروائی ضروری ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان خود آئندہ ہفتے ملک گیر سطح پر ایپ لانچ کریں گے۔
اس سے قبل عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ٹائیگرزفورس کی ذمہ داریوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنرز،ایس ایچ او ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ایپ سےمنسلک ہوں گے۔