اسلام آباد : چینی شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طالبعلموں کو لیکر خصوصی پرواز پاکستان کیلئے روانہ ہوگئی، جس کے بعد پاکستان آنے کے لئے تمام طالب علموں میں خوشی لہر دوڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق چین میں پھنسے ہوئے طالب علموں کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا ، چینی شہرووہان میں پھنسے طالبعلموں کو لیکر خصوصی پرواز پاکستان روانہ ہوگئی، پرواز پی کے 8872 دو سو پچاس سے زائد طالبعلموں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچائے گی.
روانگی سے قبل پاکستانی طالبعلموں کی ووہان ایئرپورٹ پر مکمل طبی جانچ کی گئی، تمام طالبعلموں کے کورونا ٹیسٹ سرٹیفکیٹ بھی ایئرپورٹ انتظامیہ نے چیک کئے، طیارہ آج شام اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔
پاکستانی طالب علموں کو کلیئرنس کے بعد جہاز میں سفر کی اجازت دی گئی، پاکستان آنے کے لئے تمام طالب علموں میں خوشی لہر دوڑ گئی اور جہاز میں پاکستانی طلبعلموں نے وزیر اعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔
مزید پڑھیں : چین میں موجود پاکستانی طلبہ کے لیے حکومت کا زبردست اعلان
یاد رہے 9 مئی حکومت نے 3 ماہ بعد پاکستانی طلباکی واپسی کیلئے خصوصی پرواز ووہان بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا، معاون خصوصی زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی وہب سائٹ ٹوئٹر پر خوشخبری سناتے ہوئے کہا تھا 18 مئی کوپہلی پرواز چین کے شہر ووہان بھیجی جا رہی ہے،250 سے زائد طلبا کو پاکستان واپس لانے کے انتظامات کر لیے گئے ، بہادر طلبا پر وزیراعظم خان اور پوری قوم کو فخر ہے۔
بعد ازاں وفاقی حکومت نے چین میں موجود پاکستانی طلبہ کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے انہیں رعایتی قیمت پر فضائی ٹکٹس دینے کا اعلان کیا تھا۔