اسلام آباد: حکومت نے لانگ مارچ کے مظاہرین سے نمٹنے کے لیے خصوصی فنڈ منظور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے لانگ مارچ کے خلاف حکومت نے نئی تیاریاں کر لی ہیں، مظاہرین سے نبرد آزما ہونے کے لیے خصوصی فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کو اس سلسلے میں خصوصی طور پر 33 کروڑ 39 لاکھ کی گرانٹ ملے گی، اس رقم کا مقصد مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی یونٹ قائم کرنا ہے۔
لانگ مارچ کے شرکا کو کمرے نہیں دیے جائیں گے، اسلام آباد پولیس کا ہوٹلوں کو حکم
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ رقم وزارت داخلہ کے ماتحت ادارے کو انسداد مظاہرہ یونٹ بنا کر دینے کے لیے منظور کی گئی ہے، جس کا مقصد انسداد فساد اور بلوہ بتایا گیا ہے۔
ادھر پولیس نے وفاقی دارالحکومت کے ہوٹلوں اور گیس ہاؤسز پر پابندی لگا دی ہے کہ لانگ مارچ کے شرکا کو کمرے نہیں دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ آج آزادی چوک سے روانہ ہوگا، عمران خان نے حقیقی آزادی ملنے تک سفر جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہا بند کمروں میں فیصلے ہوتے ہیں، حقیقی آزادی کی تحریک کا پہلا مرحلہ صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد ہے، کسی کا ظلم نہیں سہیں گے۔