جمعرات, مارچ 20, 2025
اشتہار

مشتاق احمد نوجوان اسپنرز کی صلاحیتوں کے معترف

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ دورہ بنگلہ دیش کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے انڈر 19 اسکواڈ میں باصلاحیت اسپنرز موجود ہیں اور یہ کھلاڑی آئندہ چند سالوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کے بھی قابل ہیں۔

سابق ٹیسٹ اسپنر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری دس روزہ کیمپ میں ںوجوان اسپنرز کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی کوشش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ کیمپ میں شریک چھ اسپنرز میں سے دو قاسم اکرم اور فہد منیر نے گزشتہ سال جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ باقی چار اسپنرز عالیان محمود، فیصل اکرم، ارحم نواب اور علی اسفند نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں شامل انڈر 19 ایونٹس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

مشتاق احمد اس سے قبل رواں سال کے آغاز میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں منعقدہ انڈر 19 کھلاڑیوں پر مشتمل تربیتی کیمپ میں بھی شرکت کرچکے ہیں، وہ اب لاہور میں جاری دس روزہ کیمپ میں نوجوان کھلاڑیوں کو اسپن باؤلنگ کے گُر سکھارہے ہیں۔

17 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی انڈر 19 اسکواڈ 12 اپریل کو بنگلہ دیش روانہ ہوگا، جہاں اسے میزبان ٹیم کے خلاف واحد چار روزہ اور پچاس اوورز پر مشتمل پانچ میچز کھیلنے ہیں۔

مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے ہمیشہ ایک خاص دباؤ رہتا ہے لیکن انہیں اس اسکواڈ میں بہت باصلاحیت اسپنرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے، بحثیت اسپنرکیرئیر کے اس موقع پر ان کھلاڑیوں کے لیے اسپن بولنگ میں کنٹرول حاصل کرنا بہت اہم ہوتا ہے۔

مشتاق احمد نے کہا کہ دورہ بنگلہ دیش میں شامل ایک چار روزہ میچ ان نوجوان اسپنرز کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، وہ ان نوجوان اسپنرز کو وکٹیں حاصل کرنے کا فن سیکھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں شریک نوجوان چائنہ مین اسپنر فیصل اکرم بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں، ارحم نواب اور عالیان محمود بھی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اور بطور کوچ وہ ان سب کو اسپن بولنگ کا فن سکھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی اسپنر کے لیے ضروری ہے کہ وہ نیٹ پر زیادہ سے زیادہ بولنگ کرے تاکہ اس کا کنٹرول بہتر ہو اور وہ جتنے زیادہ اسپیل کرے گا، اس کی باؤلنگ اتنی ہی بہتر ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں