لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، دباؤ سے احتساب کا عمل متاثر نہیں ہوگا، شہباز شریف غم نہ کریں، اپنی کرپشن کے باعث جلد شاہد خاقان کے ہمراہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو نیب نے ایل این جی کیس میں گرفتار کیا ہے، ایل این جی کیس بھی ہمارے دور میں نہیں بنایا گیا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ کرپٹ لیگ کے ناکام صدر نے کرپشن سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی، سستی روٹی کے نام پر اربوں روپے ہڑپ کرگئے آج پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ عوام کی فلاح کا جھوٹا راگ الاپنے والے ہڑتالیں کرانا چاہتے ہیں، نواز، شہباز شریف کا پورا ٹبر کرپشن اور کمیشن میں ملوث رہا ہے، قوم کو گمراہ کرنے کے بجائے ٹی ٹی اور منی لانڈرنگ کی تفصیلات دیں۔
مزید پڑھیں: نیب نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ احسن اقبال کو بھی ناررووال کرپشن کیس میں جواب دینا ہوگا، کرپٹ لیگ کا شیرازہ بکھر چکا ہے، ان کے ممبران بھی ان کی چوری کے دفاع سے تنگ آگئے ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نیب نے گرفتار کرلیا، انہیں آج نیب نے ایل این جی کیس میں طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے شاہد خاقان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔