نئی دہلی: بھارت میں ایک بار پھر کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہو گیا ہے، اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 13 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں ایک بار پھر کرونا وائرس نے تباہی مچانا شروع کر دی ہے، گزشتہ 7 دنوں میں کرونا انفیکشن سے ہونے والے اموات کی تعداد 59 ہو گئیں۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 6155 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 31 ہزار 194 ہو گئی، ان میں سے 38 فی صد کیسز کرونا کے نئے ورژن ایکس بی بی 1.16 کے ہیں۔
بھارتی وزارت صحت کے مطابق زیادہ تر کیسز ملک کی 8 ریاستوں میں سامنے آ رہے ہیں، جن میں کیرالہ، مہاراشٹر، دہلی، کرناٹک، ہماچل پردیش، تمل ناڈو اور ہریانہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی کُل تعداد 4 کروڑ 47 لاکھ 45 ہزار 104 ہو گئی ہے، جب کہ مرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار 943 ہو گئی ہے۔
ملک کی راجدھانی دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 733 کیسز سامنے آئے، اس دوران 2 افراد کی موت واقع ہوئی، جب کہ مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 19.93 فی صد ہو گئی ہے۔