نیو یارک : نرم ملائم دم والی گلہری دیکھنے میں تو بے ضرر معلوم ہوتی ہے لیکن جب اسے غصہ آجائے تو یہ اپنے سے بڑے جسامت کے کسی بھی جاندار پر حملہ کرنے میں دیر نہیں لگاتی۔
اسی طرح کا واقعہ امریکہ کے شہر نیویارک میں پیش آیا جہاں ایک خونخوار گلہری نے محلے کے رہائشیوں پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا۔
گلہری کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے نیو یارک سٹی بورو کے ریگو پارک محلے کے متعدد افراد نے میڈیا کو بتایا کہ گلہری اچانک چھلانگ لگا کر حملہ کرتی ہے اور اپنے نوکیلے دانتوں سے کاٹ لیتی ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گلہری کے حملے سے زخمی ہونے والی علاقے کی رہائشی مائیکلین فریڈرک نے بتایا کہ مجھ پر اس نے 12دسمبر کو حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں کافی دیر تک میری انگلی سے خون بہتا رہا۔
ایک اور خاتون وینتی سنگھ نے کا کہنا تھا کہ اس کے شوہر پر کچھ ہفتے قبل حملہ ہوا تھا، واضح طور پر یہ ہمارے لئے غیر محفوظ صورتحال ہے۔اس کے علاوہ گلہری کے کاٹنے سے متاثرہ مزید تین افراد نے بھی یہ ہی بتایا کہ ان کے ساتھ بھی اس خونخوار گلہری نے یہی کیا۔
نیو یارک کے محکمہ صحت کو جب ریگو پارک میں گلہری کے بارے میں شکایت موصول ہوئی تو محکمہ صحت نے مکینوں کو مشورہ دیا کہ اس قسم کے جانور پکڑنے والے لائسنس یافتہ پنجرے کو استعمال کریں۔