کولمبو : سری لنکا آئی ایم ایف سے مزید فنڈز کے حصول کیلیے ایک اور اہم معاہدے کے قریب ہے، جس کیلیے وہ دیگر متعلقہ اقدامات پر بھی غور کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے جونیئر وزیر خزانہ شیہان سیماسنگھے کا کہنا ہے کہ سری لنکا آئی ایم ایف کے ساتھ ایک اہم معاہدے کے قریب ہے اور بانڈ ہولڈر کی شرائط پر غور کر رہا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے بلومبرگ نیوز کی رپورٹ میں جونیئر وزیر خزانہ شیہان سیماسنگھے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سری لنکا اپنے ڈالر بانڈز کے غیرملکی ہولڈرز سے قرض کی تنظیم نو کی شرائط کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔
سیماسنگھے نے بلومبرگ کو مزید بتایا کہ ریونیو پر بات چیت ہو رہی ہے اور دیگر اقدامات بھی جاری ہیں، ہمیں یقین ہے کہ جلد ہی عملے کی سطح کے معاہدے تک پہنچ جائیں گے۔