کراچی: سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1996 ورلڈ کپ جیتنے کے لمحات بھلا نہیں سکتا، وہ دن یاد ہے جب پاکستانی عوام بھی سری لنکا زندہ باد کے نعرے لگا رہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے آج کراچی میں پی سی بی چیئرمین کے ساتھ پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا وہ لمحات ناقابل فراموش ہیں جب سری لنکا نے آسٹریلیا کو ہرا کر ورلڈ کپ جیتا اور پاکستانی کراؤڈ نے ہمیں سپورٹ کیا۔
اس موقع پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا نے کہا کہ احسان مانی کے ساتھ کافی عرصے سے رابطے میں ہوں، سری لنکا ہمیشہ آپ کے ساتھ اچھا رشتہ برقرار رکھے گا۔
شامی سلوا کا سیکورٹی کے حوالے سے کہنا تھا کھلاڑیوں کو ابھی تک گھومنے کا موقع نہیں ملا ہے، سیکورٹی اتنی سخت ہے کہ کھلاڑی کہیں نہیں جا سکتے۔
دریں اثنا، سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے پاکستان کی جانب سے بہترین سیکورٹی ملنے پر اظہار تشکر بھی کیا، انھوں نے کہا پاکستان اور سری لنکا نے ہمیشہ مل کر کام کیا، ٹیسٹ سیریز کی درخواست آئے گی تو ضرور نظر ثانی کریں گے۔
تازہ ترین: سری لنکا سے سیریز سے مزید ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا: چیئرمین پی سی بی
واضح رہے کہ پاکستان میں 10 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے، دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
کپتان سرفراز نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر سری لنکا کے شکر گزار ہیں۔ سری لنکن چیف سلیکٹر نے کہا جیسی سیکورٹی کا وعدہ کیا گیا تھا ویسا ہی تحفظ فراہم کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کرکٹ کی بحالی کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا تھا دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں ہم بھرپور تحفظ دیں گے۔
خیال رہے کہ اس وقت نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ایکشن میں ہیں، پر جوش شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے، سیکورٹی کے فل پروف انتظامات سے غیر ملکی آفیشلز بھی مطمئن ہیں۔
2009 کے بعد کراچی میں پہلا بین الاقوامی ون ڈے میچ ہوا، جس کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور ریاستی سربراہوں والی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، دنیا بھر سے کمنٹیٹیرز اور آفیشلز آئے ہیں۔