اسٹار کڈز کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے بھارتی اداکار ہرش وردھن کپور نے کہا ہے کہ بالی ووڈ کے 10 اسٹار کڈز میں سے 8 غائب ہوچکے ہیں۔
ہرش وردھن کپور اور ماورا حسین کی فلم ’صنم تیری قسم‘ کو دوبارہ سے ریلیز کیا گیا ہے اور اسے شائقین کی جانب سے کافی عمدہ رسپانس مل رہا ہے، یہ فلم پہلے 2016 میں ریلیز کی گئی تھی جب یہ فلاپ ثابت ہوئی تھی، تاہم دونوں کی اداکاری کو سراہا گیا تھا۔
اب میکرز نے اسے 2025 میں دوبارہ سے سینما گھروں میں ریلیز کیا ہے اور فلم نے کمال کردیا ہے، صنم تیری قسم نے کمائی میں نئی ریلیز ہونے والی کئی فلموں کو پیچھے چھوڑ کر باکس آفس پر کافی بہترین بزنس کیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ہرش وردھن نے کہا کہ جب لوگ بات کرتے ہیں کہ اسٹار کڈز کو زیادہ مواقع ملتے ہیں تو میں ان کے نام لکھ کردیکھتا ہوں اور احساس ہوتا ہے کہ ان 10 اسٹار کڈز میں سے 8 منظرنامے سے غائب ہوچکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں آؤٹ سائیڈرز ایسے لوگ میں جنھوں نے اچھا کام کرنا جاری رکھا ہوا ہے، بس بات یہ ہے کہ ہم ان کی کامیابی کو کس طرح دیکھتے ہیں۔
ہرش وردھن کا مزید کہنا تھا کہ میں اس حوالے سے کبھی شکایت نہیں کرتا، بہت سے اسٹار کڈز کو بعد میں کام نہیں ملا اور یہ آؤٹ سائیڈرز ہی ہیں جو ٹاپ پر ہیں۔