کراچی : اسٹیٹ بینک آئندہ دوماہ کیلئے شرح سود کا اعلان آج کرے گا ، ماہرین کے مطابق شرح سود میں نمایاں کمی کا امکان ہے، کروناوائرس کے باعث امریکہ، برطانیہ سمیت دیگر ممالک نے شرح سود میں ہنگامی بنیادوں پرکمی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی معیشت کرونا کے شکنجے میں جانے کے بعد شرح سود میں کمی کا رجحان برقرار ہے، اسٹیٹ بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جائےگا۔
اسٹیٹ بینک کے مانیٹری پالیسی ڈیپارٹمنٹ کااجلاس آج ہوگا، جس میں دوماہ کیلئے شرح سودمیں ردوبدل کافیصلہ کیاجائےگا، اجلاس کے بعد گورنر رضا باقر مانیٹری پالیسی کا اعلان کریں گے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ افراط زرکی شرح میں کمی، عالمی سطح پرخام تیل کی قیمتیں کم ہونا اور کرونا کے باعث عالمی معیشت کولاحق خدشات کے پیش نظر شرح سود میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
مزید پڑھیں : کرونا کے منفی اثرات کے خلاف امریکی مرکزی بینک کا بڑا اقدام
معاشی ماہرین شرح سود میں پچاس سےدوسوبیسس پوائنٹس تک کی کمی توقع کررہے ہیں، اس وقت شرح سود آٹھ سال کی بلند ترین سطح تیرہ اعشاریہ دوپانچ فیصد پرہے۔
دوسری جانب کروناوائرس کےباعث امریکہ،برطانیہ,یوروزون،وینتام اورمصر نےشرح سودمیں ہنگامی بنیادوں پرکمی کی ہے جبکہ عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں تیس فیصد تک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
یاد رہے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے منفی اثرات کے خلاف امریکی مرکزی بینک نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے شرح سود صفر کر دی تھی اور 700 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا بھی اعلان کیا تھا۔
مرکزی بینک نے رقم ٹریژری بلز، مورگیج سیکورٹیز کی خریداری کے لیے جاری کی، اس سے قبل یورپی مرکزی بینکوں نے شرح سود میں نمایاں کمی کی تھی، برطانوی بینک نے بھی شرح سود 0.25 فی صد کر دی تھی۔