کراچی: اسیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا ہے۔ شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانٹیری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود کو 13.25 فیصد پر برقرار رکھا ہے۔
اسٹیٹ بینک سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور گزشتہ شرح سود کو برقرار رکھا گیا ہے۔
بیان کے مطابق زری پالیسی کمیٹی نے 22 نومبر 2019ء کے اجلاس میں پالیسی ریٹ 13.25 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
زری پالیسی کمیٹی نے محسوس کیا کہ مالی سال کے لیے اوسط گرانی کا اسٹیٹ بینک کا 11 سے 12 فیصد پر تخمینہ بڑی حد تک برقرار رہا ہے اور موجودہ زری پالیسی موقف کو برقرار رکھنا مناسب ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے 4 ماہ میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ 73.5 فیصد کم ہوکر 1.5 ارب ڈالر رہ گیا جبکہ جون 2019 سے روپے کی قدر میں 5.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق خسارہ کم ہونے سے مجموعی زخائر دوبارہ بڑھنے اور واجبات کم کرنے کا موقع ملا ہے، یکم جنوری 2019 سے 15 نومبر تک مجموعی زخائع میں 1.16 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔