کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 31 دسمبر کو سرکاری وصولی ، ڈیوٹی ، ٹیکس جمع کرنے کے لیے مجاز برانچیں کھولنے کا حکم دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وصولی ، ڈیوٹی ، ٹیکس جمع کرنے کے لیے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن ، نیشنل بینک کی مجاز برانچیں 31 دسمبر کو کھلی رہیں گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مجاز برانچیں کھولنے کا فیصلہ سرکاری وصولی، ڈیوٹی، ٹیکس جمع کرنے میں سہولت کے لیے کیا گیا۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ مجاز برانچیں جمعرات 31 دسمبر کو رات 9 بجے تک کام کریں گی، این آئی ایف نے اس روز شام 6 بجے تک کلیئرنگ کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
صارف کو پریشان کرنے والے مجاز بینک کے خلاف کارروائی
دوسری جانب ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ صارف کو پریشان کرنے والے مجاز بینک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم پر شکایات موصول ہوئی، شکایت پر بینک کی برانچ میں خفیہ کارروائی کی گئی، اب تک متعدد بینکوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم کا پہلا فیز 98 فیصد کامیاب رہا، ہاؤسنگ اسکیم کی کامیابی کے لیے بینکوں کو ہدف دیا گیا تھا، ہدف حاصل کرنے والے بینکوں کو انعام دیا جائے گا جبکہ ہدف حاصل نہ کرنے والے بینکوں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔