کراچی: ایک ہفتے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر میں 15 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں بینک کے ذخائر میں 15 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر بڑھ کر 7 ارب 77 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں جب کہ کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 29 کروڑ ڈالر ہیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مجموعی ذخائر بھی بڑھ کر 15 ارب 6 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نےفارن ایکسچینج قوانین میں ترامیم کر کے بینکوں کو فارن کرنسی کی خرید و فروخت کی اجازت دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو فارن کرنسی کی خریدو فروخت کی اجازت دے دی
تمام کمرشل بینکس آزادانہ طور پر اپنی تمام شاخوں سے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت کر سکیں گے، کسٹم ڈکلیریشن کی صورت میں 10 ہزار ڈالر سے زاید مالیت کی غیر ملکی کرنسی بھی بینکوں کو فروخت کی جا سکے گی۔
پاکستانی شہریوں کے علاوہ غیر ملکی افراد بھی بینکوں کو غیر ملکی کرنسی فروخت کر سکیں گے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانی بھی بینکوں سے مقررہ حد کے مطابق غیر ملکی کرنسی خرید سکیں گے، بینک غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں سے نکالی گئی رقوم بھی خرید سکیں گے۔