نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ بلیک کیپس شدت کے ساتھ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے نیوزی کے دورہ پاکستان کے شیڈول کے اعلان پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے دو طرفہ تعلقات بہت پرانے ہیں اور دونوں بورڈز کے درمیان احترام کا رشتہ ہے، بلیک کیپس شدت سے ان دونوں ٹورز کے منتظر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کے کھلاڑی کرکٹ کی ثقافت سے جڑے کراچی، ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلنے کے تجربے سے لطف اندوز ہونے کے منتظر ہیں۔
ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں مکمل ہونیوالے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان نے انہیں تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے معیار اور چیلنج سے بخوبی آگاہ کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا ہے، مہمان ٹیم دو مرحلوں میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ، 8 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ شائقین کیلیے بڑی خبر، نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان آرہی ہے، شیڈول جاری
پی سی بی کے جاری شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا پہلا مرحلہ رواں سال 27 دسمبر سے 15 جنوری تک ہوگا، اس دوران دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں مد مقابل آئیں گی، یہ دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ اس دوران کھیلے جانے والے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔