لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں سحری کے اوقات میں مخصوص دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ اجتماعی مشاورت سے کیا گیا، کرونا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سحری کے اوقات میں 2 بجے سے صبح 4 بجے تک دودھ کی دکانیں،کریانہ اسٹور، تندور، بیکری کو کھولنے کی اجازت ہوگی، تاہم رمضان کے دوران اجتماعی سحری واجتماعی افطاری پر پابندی ہوگی جبکہ گروسری اسٹورز، کریانہ اسٹورز، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلیں رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ زرعی دوائیں، بیچ، کھاد کی دکانیں،آٹو ورکشاپس صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی، اور زرعی مشینری کی ورکشاپس،اسپیئرپارٹس کی شاپس، وینڈرز کوکام کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ دودھ کی دکانیں، پولٹری فارمز اور گوشت کی دکانیں معمول کے مطابق 9 بجے سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔
انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں پبلک ٹرانسپورٹ، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹونٹس اور نجی وسرکاری دفاتر بند رہیں گے، مساجد کے لیے جاری 20 نکاتی اعلامیہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، مقامی سطح پر کمیٹیاں مساجد کے لیے ایس او پیز پرعملدرآمد کی مانیٹرنگ کریں گی۔