تازہ ترین

ٹیچنگ اسپتالوں میں ادویات کی چوری اور گھپلوں پر مریم نواز کی ہدایت پر متعدد افراد معطل

لاہور: ٹیچنگ اسپتالوں میں ادویات کی چوری اور گھپلوں پر مریم نواز کی ہدایت پر متعدد افراد کو معطل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کرپشن، لوٹ مار، ادوایات کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف حکومت پنجاب نے بڑا ایکشن لے لیا، مختلف ٹیچنگ اسپتالوں میں ادوایات کی چوری، خریداری میں گھپلے اور ٹھیکے داروں کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچنے والے عناصر کو معطل کر دیا گیا۔

ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جناح اسپتال کے فارمیسی ٹیکنالوجی جاوید سرور اور جناح اسپتال کے اسٹور کیپر محمد زبیر چوہدری کو معطل کیا گیا، سر گنگا رام اسپتال کے فارماسسٹ سعید رضوان حیدر کو بھی معطل کر دیا گیا۔

ہولی فیملی راولپنڈی کے سینئر کلرک خالد محمود، ہولی فیملی راولپنڈی کے فارمیسی ٹیکنیشن سعید عنصر حسین، نشتر اسپتال کے نائب قاصد راؤ محمد اکبر کو بھی معطل کر دیا گیا، تمام کرپٹ عناصر کے اسپتالوں میں بھی داخلے پر پابندی لگا دی گئی، جب کہ متعلقہ افراد کی آخری سیلری سلپ بھی ان کے گھروں پر پہنچانے کا حکم دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مریضوں کو ادوایات کی فراہمی میں یہ تمام افراد سب سے بڑی رکاوٹ تھے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

محکمہ صحت نے اینٹی کرپشن اور نیب سے بھی ان کے اثاثہ جات کی چھان بین کروانے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ادویات کی چوری میں ملوث زیادہ تر ملازمین جعلی بھرتی ہوئے یا غیر قانونی ترقی لی گئی ایسے تمام عناصر کا سروسز ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

Comments

- Advertisement -
حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں