کراچی: کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس 903 پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ملکی سیاسی صورتحال کے اثرات کاروباری حلقوں پر گہرے رنگ دکھانے لگے اسی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ میں دوسرے روز بھی مندی دیکھنے میں آئی۔
اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو سرمایہ کاروں نے خریداری کرنے سے گریز کیا جس کے بعد مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی، کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 903 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور مارکیٹ 41 ہزار 115 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی، سرمایہ کاروں کے 160 ارب ڈوب گئے۔
مجموعی طور پر مارکیٹ میں 365 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 56 کی قیمت میں اضافہ اور 296 کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی جبکہ 13 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔