اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر حکمت عملی تیار

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خدشے کے پیشِ نظر حکمت عملی تیار کر لی گئی۔

خبر پختونخوا کے وزیر شہرام ترکئی نے پشتو میں جاری اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن ریگولر اور سوشل میڈیا کو مانیٹر کریں، گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی احتجاج کے لیے گھروں سے نکل پڑیں۔

شہرام ترکئی نے کارکنوں کی ہدایت کی کہ چاہے دن ہو یا رات، چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر فوری احتجاج کے لیے نکلیں۔

مزید پڑھیں: ”عمران خان کیلیے سب سے پہلے جان میں دوں گا“

جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر عمران خان کو گرفتار کرنے کی غلطی کی گئی تو اگلے حالات کی ذمہ دار امپورٹڈ حکومت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تمام کارکنان کمر بستہ رہیں، اگر ایسا ہوا تو بھرپور احتجاج کی تیاری رکھیں، اس کے لیے سب تیار رہیں۔

گزشتہ تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ بند کمروں میں عمران خان کے قتل کی سازش بنائی گئی ہے، اگلے 24 گھنٹے کے اندر ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

بابر اعوان نے کہا تھا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق بنی گالہ کے اطراف کچھ لوگ دیکھے گئے، غیر سرکاری حلقوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت عمران خان کے گھر دھاوا بولا جائے گا اور اس دوران ان کی جان لینے کا خدشہ ہے۔

اس کے بعد اسلام آباد پولیس نے بنی گالہ کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اجتماعات پر پابندی ہے، پولیس افسران غیر قانونی سرگرمی سے نمٹنے کے لیے چوکس ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بنی گالہ میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ جاری ہے، مشکوک سرگرمی دیکھی جائے تو فوری 15 پر اطلاع دی جائے، پولیس عمران خان کو قانون کے مطابق مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں