پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

کراچی میں خاتون سے لوٹ مار، بچانے کے لیے آنے والا شہری گولی سے زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں خاتون سے لوٹ مار کے دوران اسے بچانے کے لیے آنے والا شہری لٹیروں کی گولی سے زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 13 سی میں دن دہاڑے اسٹریٹ کرائم کی واردات میں ایک شہری ندیم گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔

اسٹریٹ کرائم کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر بھی چلائی گئی، خاتون جیسے ہی ہائی روف میں بیٹھنے کے لیے گاڑی کے دروازے پر پہنچیں، انتظار میں پہلے سے موجود موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے گاڑی کو گھیر لیا۔

ایک ملزم نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا جب کہ دوسرے کا چہرہ کھلا تھا، دونوں نے پوری دیدہ دلیری کے ساتھ واردات کی اور موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔

خاتون سے لوٹ مار کے دوران ایک راہ گیر نے دوڑتے ہوئے آ کر اسے بچانے کی کوشش کی تاہم مسلح لٹیرے نے اس پر فائر داغ دیا، جس سے اس کی ٹانگ زخمی ہو گئی اور وہ گر کر تڑپنے لگا۔

واقعے میں زخمی شخص ندیم کو بعد ازاں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ لوٹ مار کے بعد شہری کو زخمی کر کے دونوں ڈاکو موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے، خاتون بھی ہائی روف گاڑی میں جلدی سے بیٹھ کر چلی گئیں، جب کہ زخمی شہری زمین پر پڑا تڑپتا رہا، جسے بعد ازاں لوگوں نے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کراچی میں لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کے بعد اسٹریٹ کرائمز میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں