کراچی: ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیروں نے مسجد سے گھر جانے والے نمازی کو لوٹ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل کالونی میں ایک شہری اسٹریٹ کرمنلز کو دیکھ کر دوڑا تو ملزمان نے مسجد سے گھر جانے والے نمازی کو ہی لوٹ لیا۔
اسٹریٹ کرائم کی یہ واردات گزشتہ روز صبح سویرے ماڈل کالونی میں ہاشم رضا روڈ پر کی گئی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو موٹرسائیکلوں پر 4 ملزمان گلی کا چکر لگا رہے ہیں۔
فوٹیج کے مطابق موبائل فون پر بات کرتے شہری کو لوٹنے کے لیے 2 لٹیرے پیدل آئے، لیکن پینٹ شرٹ میں ملبوس شخص نے اسلحہ دیکھتے ہی گلی میں دوڑ لگا دی۔
اس دوران سڑک پر جاتے نمازی نے بھی لٹیروں کو دیکھ کر نکلنے کی کوشش کی، لیکن بدقسمتی سے سامنے سے آتے اسٹریٹ کرمنلز نے موٹر سائیکل آگے لگا کر انھیں روک لیا۔
لٹیرے نمازی کو بازو سے پکڑ کر گلی کے کونے میں لے گئے، اور پھر اس کے ہاتھ اوپر کروا کر مکمل جامہ تلاشی لی اور سب کچھ نکال لیا۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری کو لوٹنے کے بعد لٹیرے اطمینان سے فرار ہو گئے۔