کراچی: سبزی منڈی کے تاجروں نے بجلی کی عدم فراہمی پر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔
سبزی منڈی فروٹ ہول سیلرز ایسوسی ایشن کے صدر شائستہ خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کی غفلت کی وجہ سے کے الیکٹرک نے سبزی منڈی کی بجلی بروقت واجبات ادا کرنے کے باوجود کاٹ دی اسے بحال نہ کیا گیا تو تاجر ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔
شائستہ خان کا کہنا تھا کہ بجلی کی عدم فراہمی سے منڈی کے تاجر مشکلات کا شکار ہیں،کولڈ اسٹوریج میں بجلی نہ ہونے سے لاکھوں روپے مالیت کی سبزیاں اور پھل خراب ہو رہے ہیں۔
تاجر عبدالرحیم کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی منڈی میں روزانہ داخل ہونے والے سبزی اور پھل لانے والے ہرٹرک سے وصولی کرتی ہے جس نتیجے میں روزانہ چار لاکھ روپے جمع کرتی ہے لیکن سبزی منڈی میں بجلی اور انفرا اسٹرکچر کی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں، سبزی منڈی کا تاجر اور مزدور بنیادی انسانی ضرورتوں سے محروم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی، بجلی، گیس انسان کی بنیادی ضرورت ہے شہر کے ڈھائی کروڑ عوام کو اشیاء ضرورت سبزی، فروٹ فراہم کر نے والے تاجروں اور مزدوروں کی بجلی کاٹ کر ان کا سکھ اور چین چھین لیا گیا ہے، ان غریبوں کا جرم کیا ہے؟ کوئی بتانے والا نہیں؟ بجلی کے بل ان سے وصول کیے جاتے رہے دیگر ٹیکس انہوں نے ادا کیے مگر کے الیکٹرک کے اہلکاروں نے ان کی بجلی کاٹ کر ان پر ظلم کیا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 17 سال قبل سبزی منڈی یہاں منتقل ہوئی تھی مگر آج تک ان کے مسائل حل نہیں ہوسکے۔