کراچی: شہرِ قائد میں بار کے رہنماؤں نے وکلا گردی کرتے ہوئے وکلا ہڑتال کے دوران عدالتیں زبردستی بند کرا دیں۔
تفصیلات کے مطابق وکلا کے ہڑتال کے دوران کراچی بار کے رہنماؤں نے وکلا گردی شروع کر دی، عدالتیں زبردستی بند کرادی گئیں۔
احتساب عدالت کے جج نے رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا، جج نے خط میں لکھا کہ صدر کراچی بار نعیم قریشی ہجوم کی شکل میں بغیر اجازت چیمبر میں داخل ہوئے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
احتساب عدالت کے جج کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں لکھا گیا ہے کہ وکلا نے عدالت کے خلاف نعرے لگا کر عدالت کی توہین کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیب عدالت کے باہر دوخاتون وکلا کی مرد وکیل پر تھپڑوں کی بارش
خیال رہے کہ کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی کے حکم پر وکلا نے کراچی میں ہڑتال کی، اور اس دوران عدالتوں کو کام کرنے نہیں دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی بار ایسوسی ایشن نے بھی پنجاب بار کونسل کی اپیل پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہڑتال کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ سیکشن 22 اے اور سیکشن 22 بی (ایف آئی آر کی رجسٹریشن) کے تحت سیشن کورٹس کا رٹ پٹیشن سننے کا اختیار ختم کر دیا گیا ہے۔