کراچی : طاقتور طوفانی سسٹم آج سندھ میں داخل ہوگا، جس کے باعث کراچی میں آج سے 26 جولائی کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سندھ میں طاقتور طوفانی سسٹم آج داخل ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مون سون کی طاقتور ہوائیں سندھ میں داخل ہورہی ہیں، جس کے باعث کراچی میں آج شام اور کل صبح موسلادھاربارشوں کا امکان ہے، سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین سمیت سندھ بھر میں بھی آج سے 26 جولائی کےدوران سندھ میں موسلادھاربارشیں ہوسکتی ہیں ، جس سےنشیبی علاقے زیرآب آنےکا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز ہوائیں چلنے سے کمزور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور یہ سلسلہ 26 اور 27 جولائی تک برقرار رہے گا۔
تیسرے اسپیل میں تھرپارکر ، عمر کورٹ ، میرپور خاص ، ٹنڈومحمد خان ، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، قمبر شہدادکوٹ،گھوٹکی اور کشمور سمیت دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔