اسلام آباد: پاکستان کے دارالحکومت میں نجی اسکول کے سیکیورٹی گارڈکی فائرنگ سے ایک طالب علم جاں بحق ہوگیا.
تفصیلات کے مطابق واقعے کے فوری بعد طالب علم کو زخمی حالت میں اسپتال لےجایا گیا، جہاں اسے طبی امداد دی گئی، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔
نو سالہ سعید چھٹی کے بعد گھر جارہا تھا کہ گن صاف کرتے ہوئے چوکی دار سے گولی چل گئی، پولیس نے سیکیورٹی گارڈ کوگرفتارکر لیا ہے، ابتدائی تفتیش میں اسے حادثہ قرار دیا ہے.
مزید پڑھیں: سبق کیوں یاد نہیں کیا؟ نجی اسکول میں ٹیچر کے تشدد سے 16 سالہ طالب علم جاں بحق
عینی شاہدین کے مطابق طالب علم امتحان کے بعد باہر آرہے تھے، ایسے میں چوکی دار سے گولی چل گئی، جو سعید کو لگی. سعید زخمی حالت میںچند قدم آگے جا کر گر گیا، جہاں اسے اٹھا کر اسے اسپتال پہنچایا گیا.
والدین کا موقف ہے کہ واقعے کے بعد اسکول انتظامیہ نے انھیں اطلاع نہیں دی، لواحقین کی جانب سے اسکول کے باہر احتجاج بھی کیا گیا.
پولیس کے مطابق چوکی دار تربیت یافتہ تھا، اس کے پاس بارہ بور کی گن تھی، حادثہ غفلت کا نتیجہ ہے.