کراچی: بنگلا دیش میں محصور پاکستانی طالب علموں نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے وطن واپسی کے لیے اپیل کر دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بنگلادیش میں 100 سے زائد پاکستانی طالب علم کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے محصور ہو گئے ہیں، ان طالب علموں نے وطن واپسی کے لیے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کر دی ہے۔
بنگلادیش کے ہاسٹل میں محصور پاکستانی طالب علموں کو خوراک اور دیگر اشیا کی قلت کا سامنا ہے، طالب علموں کا مؤقف تھا کہ ان پر ہاسٹل سے باہر نکلنے پر پابندی عائد ہے، دن میں کھانے کے لیے صرف ڈبل روٹی ملتی ہے جس سے گزارا مشکل ہو گیا ہے۔
پاکستانی طالب علموں کے اے ٹی ایم کارڈ بھی بلاک ہو گئے ہیں، خیال رہے کہ یہ طالب علم سارک کوٹہ اسکالر شپ پروگرام کے تحت بنگلادیش میں مقیم ہیں۔
پی آئی اے کا بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے آپریشن جاری
آج وزارت خارجہ کی ترجمان نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے بیرون ممالک شہریوں سے رابطے میں ہیں، 4300 پاکستانیوں نے واپس آنے کی درخواست کی ہے، مزید 2000 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے جلد انتظامات کیے جا رہے ہیں، سعودی عرب سے دوسرے مرحلے میں 400 پاکستانی واپس لائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ متعدد ممالک میں پھنسے پاکستانی شہریوں کو پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا جا چکا ہے، وطن واپس آنے والے شہریوں کو آئسولیشن میں رکھا جا رہا ہے۔