کراچی: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان کا دوسرا مرحلہ نوجوانوں کے لیے اہم سہولت ہے، پروگرام کے تحت کوشش ہے جلد سے جلد 2 لاکھ نوجوانوں کو 100ارب روپے دیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ 100 ارب میں سے 25ارب نوجوان خواتین کے لیے رکھے گئے ہیں، پہلے مرحلے کے تحت 40سے50ہزار نوجوانوں کو قرضہ ملے گا جن میں تقریباً 4 سے 5ہزار خواتین بھی شامل ہیں جنہیں رقم دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں یہ پروگرام پاکستان کے تمام نوجوانوں کے لیے ہے، اس پروگرام میں یہ نہیں دیکھا جائے گا کہ اس کا تعلق کس پارٹی سے ہے، دنیا نے نوجوانوں پر کام کرکے ترقی حاصل کی۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جرمنی، جاپان اور چین کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں، مذکورہ ممالک نے ہنرمند نوجوانوں پر خرچ کیا، جنگ عظیم لڑنے کے بعد یہ قومیں تباہ ہوگئی تھیں لیکن اب ترقی یافتہ ممالک میں ان کا شمار ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جوان پروگرام کے تحت پہلے فیس میں دو لاکھ نوجوانوں کو ٹریننگ دینے جارہے ہیں، ملک بھر میں 100ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کھولنے جارہے ہیں، جہاں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔