کراچی : سندھ حکومت نے تیس نومبر سے پہلے شوگرملز مالکان کو سندھ بھر کی تمام شوگر ملیں چلانے کا حکم دے دیا، گنے کی فی من قیمت جلد مقرر کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ شوگر کین بورڈ کا اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں ہوا، اجلاس کی صدارت سندھ کے صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے کی۔
اجلاس میں سیکرٹری زراعت، سندھ چیمبر آف ایگریکلچر اور اور شوگر کین بورڈ کے ممبران نے شرکت کی، اجلاس میں شوگر ملیں چلانے اور گنے کی فی من قیمت مقرر کرنے کہ متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر کاشت کاروں کے نمائندوں اور ملز مالکان نے صوبائی وزیر زراعت کے سامنے اپنا اپنا مؤقف پیش کیا۔
مزید پڑھیں : ملک میں چینی کا بحران پیدا ہونے کا خطرہ، شوگرملز مالکان نے سپلائی بند کردی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے شوگر ملز مالکان کو سندھ بھر کی تمام شوگرملیں تیس نومبر سے پہلے چلانے کی ہدایات جاری کردیں، ان کا کہنا تھا کہ تیس نومبر سے قبل گنے کی فی من قیمت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔