کراچی : شوگرملرز کی جانب سے چینی کی سپلائی تاحال معطل ہے، مارکیٹ میں چینی نایاب ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شوگرملز سے چینی کی سپلائی تیسرے دن بھی معطل ہے ، مارکیٹ سے چینی غائب ہے اور چینی صرف یوٹیلیٹی اسٹوز اور بڑے اسٹوز پردستیاب ہے۔
ہول سیل بازار میں فی کلو چینی ایک ہفتے میں8 روپے مہنگی ہوچکی ہے، 47 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والی چینی کی قیمت54 روپے تک جا پہنچی، ریٹیل سطح پر بھی چینی کی قیمت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
کراچی کی مارکیٹ میں بھی چینی کی قلت کا سامناہے، کراچی ڈیلرز کے مطابق شوگر ملز کی جانب سے مل کی سپلائی روک دی گئی ہے ، جس کی وجہ سے چینی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
کراچی ہول سیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق چینی مارکیٹ سے غائب ہونے سے ہول سیل مارکیٹ میں چینی 54 روپے کلو جبکہ ریٹیل کی سطح پر 64 روپے کلو تک پہنچ گئی، دکانداروں کے مطابق چینی کی سپلائی معطل ہونے سے قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
یاد رہے تین روز قبل شوگر ملز مالکان نے پیداوار ی لاگت میں اضافے کو جواز بنا کر مارکیٹوں میں چینی کی فراہم بند کر دی تھی، مالکان کا کہنا ہے کہ چینی کی تیاری کی لاگت کے مقابلے میں فروخت کے نرخ بہت کم ہیں اور حکومت چینی کی ایکسپورٹ پر سبسڈی بھی نہیں دے رہی۔
شوگرملرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کہ چینی کی سپلائی کا معاملہ ایجنٹس اور ہول سیلرز کے درمیان ہے، ایسوسی ایشن کا اس مسئلے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تاہم مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر ملز مالکان چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمتوں میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں، حکومت نوٹس لے۔