راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خودکش بمبار فورسز کی گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں تین جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میرانشاہ میں خودکش بمبار فورسز کی گاڑی سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ خودکش دھماکے میں تین شہری بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، ڈیوٹی پر مامور جوانوں نے بروقت کارروائی کرکے بڑے سانحے سے بچالیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت دو اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کامبیٹ پیٹرول پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا، اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، میجر ثاقب اور ان کی ٹیم نے آخری سانس تک ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی جان قربان کر کے بزدل دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا۔
میجر ثاقب حسین شہید کو سانگھڑ کے حر قبرستان میں قومی پرچم کے سائے تلے سپرد خاک کیا گیا تھا، آخری آرام گاہ پر چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی تھی جبکہ فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آرنر پیش کیا گیا تھا۔