سکھر: سندھ کے شہر سکھر میں بارش کے باعث دو منزلہ مکان گرنے سے 4 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر کے ایک گاؤں میاں داد کھوسو میں بارش کے باعث دو منزلہ مکان گر گیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مکان گرنے سے چار افراد جاں بحق اور کئی افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، حادثے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم اسپتال میں بجلی بند ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے، جنریٹر موجود ہونے کے باوجود اسے چلایا نہیں گیا۔
ادھر ملک بھر میں طاقتور مون سون اسپیل جاری ہے، حالیہ مون سون بارشوں سے جانی و مالی نقصان پرنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 133 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، مرنے والوں میں 57 مرد، 21 خواتین اور 55 بچے شامل ہیں۔
ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، مختلف حادثات میں 24 افراد جاں بحق
سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 65 ہوئیں، خیبر پختون خوا سے 35، بلوچستان سے 6 اموات رپورٹ ہوئیں، سندھ سے 10 اور آزاد کشمیر سے 5 افردا زندگی کی بازی ہار گئے، جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 افراد جان سے گئے۔ دوسری طرف حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں کل 215 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 87 مرد، 56 خواتین اور 72 بچے شامل ہیں، اور ملک بھر میں مجموعی طور پر 368 گھروں کو نقصان پہنچا۔