اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نےگورنر پنجاب کو ہٹانے کی ایک اور سمری ایوان صدر بھجوا دی۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے صدر مملکت کو سمری بھیجی تھی، تاہم صدر عارف علوی نے مقررہ دنوں میں اسے مسترد کر دیا تھا۔
اب وزیر اعظم نے ایک اور سمری صدر مملکت کو بھجوا دی ہے، جو ایوان صدر کو موصول ہو گئی ہے، وزیر اعظم ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کو وزیر اعظم کی نئی سمری پر 10 دن میں فیصلہ کرنا ہے۔
حمزہ شہباز کی کابینہ، وزرا کے نام سامنے آ گئے
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق گورنر نہیں ہٹائے گئے تو 10 دن میں وہ خود فارغ ہو جائیں گے، وزیر اعظم ساتھ ہی نئے گورنر کے لیے نام بھی صدر مملکت کو ارسال کریں گے، پنجاب کی گورنر شپ پیپلز پارٹی کو ملنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب نے عثمان بزدار اور ان کی کابینہ کو ایک نوٹیفکیشن جاری کر کے بحال کر دیا تھا، دوسری طرف حمزہ شہباز نے بھی نئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا تھا۔
راجہ بشارت نے ایک بیان میں کہا کہ گورنر پنجاب کے نوٹیفکیشن کے بعد حمزہ نے جو حلف لیا اس کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے۔ پی ٹی آئی نے حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ پنجاب ہونے کا نوٹیفکیشن چیلنج کر دیا ہے۔