منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

عوامی اجتماعات پر پابندی کے باجود شہر میں اتوار بازار لگ گئے، خریداروں کا رش

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: کرونا وائرس کے پیش نظر عوامی اجتماعات پر پابندی کے باجود شہر میں اتوار کو لگنے والے بازار جاری ہیں، پولیس نے کچھ بازار بند کرواد دیے تاہم شہر میں اب بھی مختلف مقامات پر بازار کھلے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کمشنر کراچی کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری ہے، ضلع وسطی میں ناظم آباد سمیت شہر کے مختلف مقامات پر اتوار بازار لگا دیے گئے۔

کمشنر کراچی کے نوٹی فیکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر اجتماعات اور بازاروں کے این او سی معطل کردیے گئے تھے اس کے باوجود شہر میں اتوار بازار کھلے ہوئے ہیں۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے، اس کے باوجود ان بازاروں کے لگنے پر انتظامیہ اور پولیس خاموش ہے اور بازار میں لوگوں کا جم غفیر خریداری کرنے میں مصروف ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں سخی حسن اور یو پی موڑ نارتھ کراچی میں اتوار بازار کھلے ہیں جبکہ سرجانی میں اتوار بند کروا دیا گیا۔

پولیس نے کچھ بازاروں کی انتظامیہ کو بازار بند کرنے کی ہدایت کی ہے، جس پر کچھ دکانداروں نے احتجاج بھی کیا ہے۔ اتوار بازار میں اسٹالوں پر اشیا فروخت کرنے والی خواتین نے اپیل کی ہے کہ حکومت پابندی ہٹائے یا انہیں متبادل روزگار فراہم کرے۔

ایک خاتون کا کہنا تھا کہ یہاں اسٹال لگانے والی خواتین اپنے گھروں کی واحد کفیل یا بیوہ ہیں، ان کا کوئی دوسرا ذریعہ آمدنی نہیں ہے۔

خواتین کا کہنا ہے کہ بازار بند ہونے سے وہ بے روزگار ہوگئی ہیں، روزگار نہ ہونے سے بچے فاقہ کشی کا شکار یو جائیں گے، حکومت یومیہ مزدوری کرنے والی مجبور اور غریب خواتین کے لیے امداد کا انتظام کرے۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں