اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں تعمیر کیے جانے والے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر آنے والی لاگت کا مکمل ریکارڈ 13 جون کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں اسلام آباد ایئر پورٹ پر پانی کھڑا ہوگیا تھا، جس پر چیف جسٹس نے از خود نوٹس لے لیا۔
از خود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آئندہ سماعت پر ایئر پورٹ پر پانی بھرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج لائی جائے۔ چیف جسٹس نے پی آئی اے کے ایم ڈی اور اسٹیشن منیجراسلام آباد کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ ویڈیوز پرانی ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز ڈیڑھ سال قبل کی ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے جھیل میں تبدیل
چیف جسٹس نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سرحد پار سے چلائے جا رہے ہیں، ریاستی اداروں پر حملے ہو رہے ہیں اور عوام کوگم راہ کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جو ایئرپورٹ بنتے ہیں ان پر بہ یک وقت دو دو جہاز لینڈ اور ٹیک آف کر سکتے ہیں جب کہ آپ نے اربوں لگا دیے اور اس ایئر پورٹ پر صرف ایک جہاز لینڈ کرسکتا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔