ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

سپریم کورٹ کا ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل سے متعلق اہم فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سپریم کورٹ نے ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کو فعال کرنے کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو ذاتی حثیت میں معاملے کو حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل سمیت دیگر کیسز کی سماعت کی، وکیل کے ایم سی نے بتایا کہ آئل ٹرمینل بن چکا مگر گاڑیاں باہر ہی کھڑی ہوتی ہیں، ٹینکرز اور گاڑیوں والوں کی مختلف ایسوسی ایشن ہیں۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ دکاندار چاہتے ہیں مفت میں دکانیں مل جائیں، دکانیں بن گئیں مگر دکان دار جانے کو تیار نہیں ہیں، اس موقع پر کمرہ عدالت میں موجود ٹینکر مالکان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ٹرمینل پر بجلی پانی کوئی سہولت نہیں ، وہاں گیراج بھی نہیں ہے ورکشاپ نہیں ہے کیسے جاسکتے ہیں ؟۔

- Advertisement -

دکان داروں نے کہا کہ ہمیں کہا گیا ہے دکانیں ہم خود بنائیں لیکن ڈیمارکیشن بھی نہیں کرکے دے رہے جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہیں بنا کر دے رہے ؟ یہ بتائیں، اب تک کیا ہوا؟ یہ کیا مذاق ہو رہا ہے، اب تک عمل درآمد نہیں ہوا، سندھ حکومت کی کیا رٹ ہے جو ٹینکرز نہیں کنٹرول ہوتے؟ 15 سال ہوگئے، معاملہ حل نہیں ہو رہا۔

چیف جسٹس نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا بے ایمانی کا دھندا چل رہا ہے ؟ کیا بے ایمانی ہورہی ہے ؟ آپ کے لوگ دکانداروں سے پیسے مانگ رہے ہیں ، کے ایم سی کے منشی، کلرک پیسے مانگ رہے ہیں، اگر آئل ٹرمینل نہیں بنا سکتے تو ایڈمنسٹریٹر رہنے کا کوئی جواز نہیں۔

ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ ہم جگہ دے رہے ہیں دکانیں یہ خود تعمیر کریں گے، ہمارے پاس فنڈز کی کمی ہے، عدالت نے چیف سیکریٹری کو فریقین کے ساتھ مل کر مسئلے کا حل نکالنے اور نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔

عدالت عظمیٰ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل فعال کرنے اور چار ماہ میں دکانیں حوالے کرنا کا بھی حکم دیا چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری کو ذاتی حثیت میں ذوالفقار اباد آئل ٹرمینل کے معاملے کو دیکھنے کی بھی ہدایت کی۔

عدالت نے گھی سمیت دیگر اشیا کے ٹرالر کو بھی شہر میں داخلے سے روک دیا، چیف جسٹس نے اس سے جڑے ایک اور درخواست میں چیف سیکرٹری ان ٹرالرزکوشہر کے بجائے متبادل راستوں سے آمدورفت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، عدالت کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ گھی اور تیل سے بھرے ہوئے کنٹینرسے حادثات رونماہوتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

فاروق سمیع
فاروق سمیع
تحقیقاتی صحافت پریقین رکھنے والے فاروق سمیع اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں، دہشت گردی، سیاست اورعدالتوں سے منسلک خبروں پر کڑی نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں