جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

مالک کی فراخ دلی، ملازمین کے لیے600 گاڑیوں اور گھروں کا تحفہ

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: ہیروں کی خرید و فروخت کرنے والے تاجر نے ملازمین کو 600 گاڑیاں، گھر اور قیمتی تحائف دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر سورت سے تعلق رکھنے والے ’ہرے کرشنا ایکسپورٹس‘ کے مالک نے ہر سال کی طرح امسال بھی دیوالی کے موقع پر ملازمین کو بونس اور گاڑیاں دینے کا اعلان کیا۔

ہیروں کی کمپنی کے مالک اچھی کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو بونس (اضافی تنخواہ) گاڑی اور دیگر قیمتی تحائف دیتے ہیں۔

- Advertisement -

کمپنی کی جانب سے جمعرات کے روز تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے والے وزیراعظم نریندر مودی نے خوش نصیب ملازمین میں گاڑیوں کی چابیاں تقسیم کیں، ان میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔

چیئرمین ہرے کرشنا ساؤجی ڈھولکیا کا کہنا تھا کہ ’رواں سال پانچ ہزار ملازمین میں سے 1600 ایسے افراد کا انتخاب کیا گیا جن کی کارکردگی بہتر رہی، ان تمام خوش نصیبوں کو پرفارمنس کی بنیاد پر کمپنی کی جانب سے گاڑیاں، مکان اور دیگر قیمتی تحائف دیے جائیں گے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’ملازمین میں قیمتی تحائف کی تقسیم کا سلسلہ کمپنی نے چار سال قبل شروع کیا، دیوالی کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے تمام ملازمین کو اضافی تنخواہ بھی دی جاتی ہے‘۔

گاڑیاں حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں ایک معذور ’کاجل‘ نامی ملازمہ بھی ہے جبکہ دوسری خوش قسمت خاتون کا نام ہیرلیبن ہے۔

چیئرمین ہرے کا کہنا تھا کہ ’کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے 300 خوش نصیب ملازمین کو فیلٹس بھی دیے گئے‘۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیرے پالش کرنے والے خوش نصیب ملازمین کو  کمپنی کی طرف سے ماروتی سوزوکی آلٹو اور ماروتی سوزوکی سیلیریو گاڑیاں دی جائیں گی۔

کمپنی کے ترجمان کا کہناتھا کہ ’جو لوگ گاڑی لینے میں دلچسپی نہیں رکھتے ہم انہیں گھر یا اس کی رقم فراہم کردیتے ہیں تاکہ ہمارا ملازم مزید جانفشانی سے اپنے امور سرانجام دے‘۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں