نئی دہلی: ممبئی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) ابھشیک تریمکھے نے متنازعہ بھارتی اینکر ارنب گوسوامی اور ان کی اہلیہ سمبرتا کے خلاف عدالت میں شکایت درج کرا دی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ابھشیک تریمکھے نے سٹی سول انڈین سیشن کورٹ میں ارنب اور سمبرتا کے خلاف مجرمانہ شکایت درج کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ اینکر نے ادکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے حوالے سے مجھ پر غلط الزامات عائد کیے جو ٹی وی پر چلا اور 7 اگست 2020 کو یوٹیوب پر بھی شایع کیا گیا۔
شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ ارنب گوسوامی نے مجھ سمیت پولیس کے حکمے کو بھی بدنام کرنے کی کوشش کی، جس کا مقصد سوشانت کے حوالے سے شفاف تحقیقات میں خلل ڈالنا تھا۔
ارنب گوسوامی کی بے ایمانی بے نقاب، اہم راز دار نے بھانڈا پھوڑ دیا
اینکر نے سوشانت سنگھ اور ادکارہ ریا چکرورتی کے آپس میں فون کالز سے متعلق بھی ممبئی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کو الزامات پر مبنی بیانات کا نشانہ بنایا تھا۔ ارنب نے فون کالز کو سازش کے ذریعے استعمال کرکے پولیس کو بدنام کرنے کی بھی کوشش کی۔ 40 صفحات پر مشتمل شکایت پر ابھشیک نے اینکر کے غلط ٹوئٹس کا بھی ذکر کیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کو سماعت کے لیے منظور کریں اور دونوں کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جائیں۔