کراچی : زمان ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں ہلاک اور گرفتار ملزمان کورنگی مین 22 سالہ نوجوان صہیب کے قاتل نکلے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں زمان ٹاون مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کی ہلاکت اور 3 کی گرفتاری کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ ہلاک اور گرفتار ملزمان 22 سالہ نوجوان صہیب کےقاتل نکلے، کورنگی سیکٹر 50 سی میں رات کومقابلہ ہوا تھا، ہلاک ملزم مرزا علی اور گرفتار ملزمان پولیس کو انتہائی مطلوب تھے، گرفتار ملزمان میں عفان، فیضان اور سمیع شامل ہیں۔
ایس ایس پی طارق نواز کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 19 مارچ کو کورنگی 6 میں میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی کی تھی، دوران ڈکیتی مزاحمت پر22 سالہ نوجوان صہیب کوگولی ماردی تھی، جاں بحق نوجوان صہیب3 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔
ملزمان نے 26 مارچ کوکینٹ اسٹیشن میں ٹریول ایجنسی پربھی ڈکیتی کی تھی، پیون عباس ملزمان کے پیچھے بھاگا اور باہر روڈ پر آگیا تھا تاہم فرار ہوتےملزمان نے فائرنگ کرکےعباس کو بھی زخمی کردیاتھا۔
ہلاک ملزم مرزا علی اورگرفتار ملزم عفان دو دو مرتبہ جیل جاچکےہیں جبکہ گرفتار ملزم سمیع ایک بار جیل جاچکا ہے، ملزمان نےکورنگی انڈسٹریل ایریااورزمان ٹاؤن میں 25/30 وارداتیں کی تھی تاہم ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔