راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سوئٹزرلینڈ کے سفیر بینیڈکٹ ڈی سیرجٹ نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سوئٹزرلینڈ کے سفیر بینیڈکٹ ڈی سیرجٹ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سوئس سفیر نے دو طرفہ تعلقات کو سراہا اور مزید بہتری کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے سفیر نے خطے میں تنازعات سے بچاؤ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف سے زلمے خلیل زاد اور نیٹو کمانڈر کی ملاقات
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن اور تنازعات سے بچنے کے لیے شاندار کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد اورافغانستان میں امریکی فوج کے سربراہ جنرل آسٹن اسکاٹ ملر نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی اور خطے میں امن و استحکام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں افغان امن عمل اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے امور بھی زیر غور آئے، اس دوران پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق بھی موجود تھے۔