دمشق: شام کی عبوری حکومت نے اقوام متحدہ سے اسرائیلی حملے فوری بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام کی عبوری حکومت نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ اسرائیل کو کارروائیاں کرنے سے روکے، اسرائیل کو بھی چاہیے کہ وہ شامی سرزمین سے اپنی فوج فوری واپس بلائے۔
امریکا نے شام پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے شام کی عبوری حکومت نے بین الاقوامی قوانین پرعمل نہ کیا تو پھر پابندیاں لگا دیں گے۔ انھوں نے کہا شام کی صورت حال سے آگاہ رہنے کے لیے امریکا حیات تحریر الشام سے رابطے میں ہے۔ امریکا اور ترکیے نے عبوری حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
شام کے ڈی فیکٹو سربراہ احمد الشعرا المعروف کمانڈر الجولانی کا کہنا ہے کہ شام پر اسرائیلی حملوں کے باوجود نئے محاذ نہیں کھول سکتے۔
حزب اللّٰہ کے سربراہ نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ شام کو خطرناک توسیع پسند دشمن کا سامنا ہے اور شام میں گولان پہاڑیوں کے بفرزون پر اسرائیلی فوج کا قبضہ اس کا ثبوت ہے۔ نعیم قاسم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امید ہے شام کے نئے حکمران بھی اسرائیل کو دشمن ہی تسلیم کریں گے اور اسرائیل سے معمول کے تعلقات نہیں بنائیں گے۔
بشارالاسد حکومت کا خاتمہ، ڈالر کے مقابلے شامی پاؤنڈ کی قدر میں نمایاں اضافہ
اسرائیل نے شام میں متعدد مقامات پر مزید 60 فضائی حملے کیے ہیں، فضائی حملوں میں شامی فوج کے چوتھی ڈویژن ہیڈکوارٹر اور ریڈار بٹالین کونشانہ بنایا گیا، جس سے ریڈار سسٹم اور فوجی اسلحہ ڈپو تباہ ہو گئے۔ حملوں میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ دوسری طرف اسرائیل نے قنیطرہ شہر سمیت کئی دیہاتوں پر قبضہ کر لیا ہے، رہائشیوں کو گھر خالی کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
صہیونی فوج نے ساحلی شہر لاذقیہ میں گھات لگا کرحملہ کیا، جس سے حیات تحریر الشام کے 15 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔ ادھر خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ روس شمالی شام میں فرنٹ لائن سے فوج پیچھے ہٹا رہا ہے، اپنے فوجی اڈے خالی نہیں کررہا۔