جمعہ, اکتوبر 18, 2024
اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ: کس میں کتنا ہے دم؟ ٹیم سری لنکا

اشتہار

حیرت انگیز

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں سابق عالمی چیمپئن سری لنکا آج جنوبی افریقہ کے خلاف نیویارک میں اپنے سفر کا آغاز کرے گی۔

سال 2014 کی عالمی چیمپئن سری لنکا جسے لنکن ٹائیگرز کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ دنیائے کرکٹ کی ایک مضبوط ٹیم ہے اور ٹرافی کیسے جیتتے ہیں یہ لنکن ٹائیگرز کو معلوم ہے تاہم حالیہ کچھ عرصے کی کارکردگی سے یہ ٹیم اس وقت گمنامی میں چلی گئی ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 ٹیمیں شریک ہیں اور ماہرین کرکٹ کئی بڑی ٹیموں کو فائنل فور کے لیے فیورٹ قرار دے رہے ہیں مگر آئی لینڈرز کو کوئی بھی فیورٹ ٹیموں میں شامل نہیں کر رہا۔

- Advertisement -

سری لنکا ان تین ٹیموں میں شامل ہے جس نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تین فائنل کھیلے ہیں، مگر 2014 میں ٹی ٹوئنٹی عالمی چیمپئن بننے کے بعد وہ اس کے بعد ہونے والے کسی بھی عالمی کپ میں سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل نہیں کر سکی۔

آئی لینڈرز کو سب سے پہلے 2009 کے ایونٹ میں پاکستان نے فائنل میں ہرایا پھر 2012 میں ویسٹ انڈیز نے ٹرافی جیتنے کا خواب چکنا چور کیا۔ 2014 میں سری لنکا کرکٹ ٹیم بحران کا شکار ہوئی اور ٹورنامنٹ کے دوران ہی قیادت تبدیل کرکے لیستھ مالنگا کے حوالے کی گئی لیکن یہ تبدیلی لنکن ٹائیگرز کو ایسے راس آئی کہ فائنل میں بھارت کو 6 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کر کے عالمی چیمپئن کے روپ میں دنیا  کے سامنے آئے۔

تاہم لیجنڈ کرکٹرز کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے ٹیم تنزلی کا شکار ہے اور اب تک جان نہیں پکڑ سکی۔ گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ میں اس کو بنگلہ دیش اور افغانستان نے بھی تر نوالہ سمجھ کر شکار بنایا۔

ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد آئی لینڈرز کو کرکٹ بورڈ میں سیاسی مداخلت پر آئی سی سی کی جانب سے پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اس ورلڈ کپ میں سری لنکا گروپ ڈی میں شامل ہے اور اس کو آگے جانے کے لیے جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش جیسی ٹیموں کا تختہ الٹنا ہوگا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ: کس میں کتنا ہے دم؟ چوکرز کے نام سے مشہور ٹیم جنوبی افریقہ

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں