ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں نیدر لینڈ نے جیت کے لیے صرف 92 رنا کا آسان ہدف دیا ہے۔
پرتھ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیدرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں صرف 91 رنز ہی بناسکی جو موجودہ ٹورنامنٹ کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔
نیدر لینڈ کی بیٹنگ کا آغاز ہی تباہ کن ہوا اور کوئی بلے باز شاہینوں کے سامنے ٹک نہ سکا، کولن ایکرمین 27رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے اور وکٹ کیپر بلے باز اسکاٹ ایڈورڈز 15 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کا شکار کیا، محمد وسیم جونیئر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث روؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
ایک اننگ کی تکمیل کے بعد قومی فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ گزشتہ میچ میں آگے بولنگ کر کےغلطی کی، تاہم آج پلان کے مطابق بولنگ کی اور پیچھے گیند کرنے سے فائدہ ہوا۔