لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا عمران خان کومبارک ہو ،نئے پاکستان میں قانون سب کیلئےبرابرہو گیا، قتل کرنے اور کرانے والے آزاد گھوم رہے ہیں، حکومت بدلی مگر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا و اسیران کیلئے کچھ نہ بدلا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے بیان میں کہا عمران خان کومبارک ہو ،نئےپاکستان میں قانون سب کیلئے برابرہو گیا، سزا یافتہ مجرم بیرون ملک جانے کے لیے آزاد ہیں۔
طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اسیروں کی آپریشن تھیٹرمیں ہتھکڑیاں نہیں کھلتیں، قتل کرنے اور کرانے والے آزاد گھوم رہے ہیں، قتل عام پرپرامن احتجاج کرنےوالے107 کارکنوں کوسزائیں سنا ئی گئیں۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے مزید کہا کہ ساڑھے5 سال بعد بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کےورثاکو انصاف نہیں ملا، حکومت بدلی مگر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا و اسیران کیلئے کچھ نہ بدلا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہے جہاں قانون سب کےلیےبرابر ہے، محمد سلطان کے ساتھ جو ہوا وہ ہر اعتبار سے شرمناک ہے۔
خیال رہے لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاون کی نئی جے آئی ٹی کو کام سے روکنے کے حکم امتناعی دے رکھا ہے اور دونوں جے آئی ٹیز کی رپورٹس پیش کرنے کا حکم بھی دیا اور کہاکہ آخری موقع دے رہے ہیں، ریکارڈ پیش نہ کیا تو ذمے دار افسران کو طلب کریں گے۔
واضح رہے کہ جون 2014 میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع منہاج القرآن کے مرکزی دفتر اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر بیرئیر ہٹانے کے لیے خونی آپریشن کیا گیا تھا، جس میں خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جب کہ 90 افراد زخمی ہو گئے تھے۔