کراچی: شہر قائد کے علاقے تیموریہ میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جب کہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق تیموریہ پولیس کا کہنا ہے کہ سخی حسن کے قریب ملزمان اور پولیس کے سادہ لباس اہل کار کے درمیان مقابلے ایک ڈاکو ہلاک دوسرا زخمی ہو گیا ہے، جس کی حالت تشویش ناک ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ تبسم نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ہارون مارکیٹ اور دیگر مقامات پر ڈکوئے (Decoy) تعینات کیے گئے ہیں، جو بھیس بدل کر جرائم کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایس ایس پی کے مطابق ڈاکوؤں نے اسی سادہ لباس اہل کار سعید کو نشانہ بنایا اور اس سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے، اہل کار نے تعاقب کر کے ان پر فائرنگ کی، جس پر ملزمان کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی، تاہم ملزمان کے پستول میں گولی اٹک گئی۔
ہلاک ڈاکو کی شناخت نظام اور زخمی ڈاکو کی شناخت عبدالشکور کے نام سے ہوئی، ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے کے دوران قریب سےگزرنے والا ارشد نامی شہری بھی زخمی ہوا، زخمی شہری کو ممکنہ طور پر مقابلے کے دوران ہی ڈاکو کی گولی لگی۔
ادھر کراچی کے علاقے گلستان جوہر پولیس نے ایک کارروائی میں مفرور ڈاکو کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
19 مارچ کو ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شوروم میں میں ڈکیتی کی تھی، اور 22 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گیا تھا، گرفتار ملزم کے دیگر 2 ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں۔