کراچی: تاجر ایکشن کمیٹی نے گورنر سندھ کی جانب سے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال واپس لے لی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ سے تاجر ایکشن کمیٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں عمران اسماعیل نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ 11 جولائی کو وفد کی وزیراعظم سے ملاقات کرائیں گے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں تاجرایکشن کمیٹی نے اپنےمطالبات سامنے رکھے، دوران ملاقات چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے بھی رابطہ ہوا اور انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر ایکشن کمیٹی کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھاکہ کسی بھی تاجر کے خلاف ایک ماہ تک کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے یقین دلایا ہےمعاملات مل کر طےہوں گے، حماداظہر اور شبر زیدی سے ملاقات کے بعد معاملات حل کئےجائیں گے۔ انہوں نے اپنے گزشتہ روز کے بیان پر بھی تاجروں سے معذرت کی۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ معاشی بحران سے ملک کو نکالنے کے لیے سب کو ہی ٹیکس ادا کرنا ہوگا، تاجر ایکشن کمیٹی نے ٹیکس وصولی اور آمدن بڑھانے کے حوالے سے تجاویز دی جن پر غور کیا جائے گا۔
گورنر سندھ نے تاجروں کی جانب سے ہڑتال کی کال واپس لینے پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ملاقات ہونے تک تاجروں سے ہڑتال نہ کرنے کی درخواست کی۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ تاجروں سے روزانہ کی بنیاد پر رابطے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی جبکہ عمران خان تاجروں اورسرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے اور انہیں اعتماد میں لیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ معاشی حب ہونے کے حوالے سے کراچی کو ماضی میں نظر انداز کیاگیا، اب وقت ہے کراچی کو سینے سے لگایا جائے اور اس کے لیے کوشش کی جائے۔
ہڑتال مؤخر کردی گئی، تاجر برادری کل اپنی دکانیں معمول کے مطابق کھولیں، تاجرایکشن کمیٹی
اس موقع پر تاجر ایکشن کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین ایف بی آرنےیقین دلایا تمام معاملات مل کر حل کریں گے، گورنر اور شبر زیدی کی یقین دہانی پر ہڑتال کی کال واپس لے رہے ہیں، ٹیکس معاملات پر حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا تھا اگر تجاویز پر عمل کیا گیا اور مذاکرات کامیاب ہوئے تو مستقبل میں سرکار کو باقاعدگی سے ٹیکس بھی ادا کریں گے۔
یاد رہے کہ تاجر ایکشن کمیٹی نے شہر بھر میں 8 جولائی سے تین روز تک شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی۔