ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

سال 2024 کی وہ باصلاحیت پاکستانی خواتین جنہوں نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کی باصلاحیت خواتین صنفی تفریق اور غیر مساوی مواقع کے باوجود تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا کامیابی سے منوا رہی ہیں۔

رواں سال 2024 میں سائنس، شوبز کھیل کاروبار اور دیگر شعبہ جات میں پاکستانی خواتین نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کے جھنڈے گاڑے حالانکہ انہیں معاشرتی اقدار اور صنفی مساوات کے تحت مختلف چیلنجز کا سامنا تھا جس کا مقابلہ انہوں نے ڈٹ کر کیا۔

رواں سال 2024 اپنے اختتام کے بہت قریب پہنچ چکا ہے، ایسے میں ان پاکستانی خواتین کا ذکر کرنا اور انہیں یاد رکھنا بھی ضروری ہے کیونکہ انہوں نے اس سال نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی وطن عزیز کا نام روشن کیا۔

ان قابل فخر پاکستانی خواتین کی کامیابیوں اور خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا، جس سے دنیا بھر کی ہزاروں لڑکیوں کو مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی ترغیب ملی۔

زیرنظر مضمون میں چند ایسی پاکستانی خواتین کا ذکر کیا جا رہا ہے جنہوں نے اس سال مختلف شعبوں میں اپنی کارکردگی سے قوم کے دل جیت لیے۔

اے سی سی اے کی پہلی پاکستانی صدر عالیہ مجید

Ayla Majid

سال 2024 کی سب سے بااثر شخصیات کا ذکر کیا جائے تو بلاشبہ ان میں سرفہرست عالیہ مجید ہیں، انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ پہلی پاکستانی اور جنوبی ایشیائی خاتون ہیں جو ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس (اے سی سی اے) کی صدر منتخب ہوئیں۔

عالیہ مجید 180 سے زائد ممالک سے 2لاکھ 52ہزار اراکین اور اے سی سی اے کے 5لاکھ 26ہزار مستقبل کے اراکین کی سربراہی کریں گی۔

پہلی پاکستانی خاتون امپائر سلیمہ امتیاز

Saleema Imtiaz

کرکٹ کے میدان میں خواتین نے بھی مردوں کے شانہ بشانہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پینل میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون امپائر سلیمہ امتیاز ہیں۔

پاکستان کی سلیمہ امتیاز 2024 میں پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہیں ان کی صلاحیتوں کے اعتراف میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ڈیولپمنٹ پینل میں شامل کیا گیا۔

گلوکارہ حدیقہ کیانی کا اعزاز

Hadiqa Kiani

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے سال 2024 کی دنیا بھر کی 100 بااثر خواتین کی فہرست میں پاکستان کی مشہور میوزیکل آئیکون حدیقہ کیانی کو نمایاں جگہ دی کیونکہ وہ دنیا بھر میں اپنی مدھر آواز اور ہمدردی کے جذبے کے تحت دکھی انسانیت کیلیے کی گئی خدمات کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Hadiqa Kiani (@hadiqakianiofficial)

عروج آفتاب : گریمی ایوارڈز میں نامزدگیوں کا اعزاز

urooj Aftab

گریمی ایوارڈز جسے عالمی سطح پر موسیقی کی صنعت میں سب سے اعلیٰ اور باوقار ایوارڈ سمجھا جاتا ہے، پاکستانی گلوکارہ و موسیقار عروج آفتاب نے دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈز کی تقریب میں بہترین پرفارمنس دے کر مداحوں کے دل جیت لیے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Arooj Aftab (@aroojaftab)

پاکستان کی موسیقار عروج آفتاب نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا انہیں سال 2025کے گریمی ایوارڈز کے لیے دوبار نامزد کیا گیا لیکن وہ کوئی ایوارڈ نہیں جیت سکیں۔

قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء

Fatima Sana

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ قومی ٹیم کی اب تک کی تمام کپتانوں میں سب سے کم عمر کپتان ہیں۔

22سال کی عمر میں فاطمہ ثنا نہ صرف پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سب سے کم عمر کپتان بنیں بلکہ اپنی جارحانہ قیادت اور اقدامات سے قومی ٹیم میں نیا جوش اور ولولہ پیدا کیا۔

برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے ماہرہ خان کیلئے ایوارڈ

Mahira Khan

پاکستان شوبز کی نامور اداکارہ ماہرہ خان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو برطانیہ کی پارلیمنٹ کی جانب سے بھرپور سراہا گیا اور نومبر 2024میں انہیں برطانوی پارلیمنٹ میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Mahira Khan (@mahirahkhan)

سال کی بہترین خاتون کا اعزاز ڈاکٹر صائمہ سلیم

Dr Saima Saleem

کراچی یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر سائمہ سلیم کو روسی مرکز برائے سائنس اور ثقافت کی جانب سے "وومن آف دی ایئر” ایوارڈ دیا گیا۔

ڈاکٹر اے کیو خان انسٹی ٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ(کبجی) جامعہ کراچی کی پروفیسر اور ترقی پذیر دنیا کے لیے سائنس میں خواتین کی تنظیم کی سیکریٹری پاکستان نیشنل چیپٹر ڈاکٹر صائمہ سلیم نے وومن آف دی ایئر2024 کاایوارڈ اپنے نام کیا۔ انہیں یہ ایوارڈ خواتین کے عالمی دن کی تقریب کے موقع پر پیش کیا گیا۔

طاقتور کاروباری خواتین : شائستہ آصف اور شازیہ سید

ڈاکٹر شائستہ

دو پاکستانی خواتین شازیہ سید اور شائستہ آصف کو مشرق وسطیٰ کی 100 طاقتور کاروباری خواتین کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی بزنس میگزین ”فوربز“ کی “مڈل ایسٹ کی 100 طاقت ور کاروباری خواتین “ کی 2024کی فہرست میں دونوں پاکستانی کاروباری خواتین نے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔

شائستہ آصف نے فوربز فہرست میں چوتھے نمبر کی پوزیشن جب کہ شازیہ سید نے وسیع کارپوریٹ تجربے کی فہرست میں نویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی خواتین نے ہر میدان میں اپنی کامیابی کی شاندار مثالیں قائم کیں اور 2024 میں دنیا پر اپنی دھاک بٹھائی، یہ امید کی جاسکتی ہے کہ سال 2025 میں بھی پاکستان کی خواتین ان ہی کامیابیوں کو جاری رکھیں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں