کابل: افغان طالبان نے عید الاضحیٰ کے تین دنوں کے لیے جنگ بندی کا اعلان کردیا۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کی کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کے کسی بھی علاقے میں طالبان کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی پر عمل درآمد جمعے کے روز سے کیا جائے گا اور آئندہ تین روز تک کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں تمام طالبان جنگجوؤں کو ہدایت کی کہ وہ عید کے تین دن اور تین راتوں کے دوران ’دشمن‘ کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے گریز کریں۔
د لوی اختر په شپو ورځو کې اوربند په اړه د اسلامي امارت اعلامیه
اعلامیه امارت اسلامی در مورد اعلان آتش بس در ایام عید اضحیhttps://t.co/UW8jH1Fhvs pic.twitter.com/bNuIxifcBo— Zabihullah (..ذبـــــیح الله م ) (@Zabehulah_M33) July 28, 2020
یاد رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران طالبان دو بار افغانستان میں جنگ بندی کا اعلان کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: افغان طالبان نے مزید سرکاری قیدیوں کو رہا کردیا
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں افغان طالبان نے بین الافغان مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھنے کے لیے سرکاری قیدیوں کو رہا کیا تھا۔
افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں تصدیق کی تھی کہ افغان فوج اور پولیس سے تعلق رکھنے والے مزید 37 قیدی اہلکاروں کو رہا کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ صوبہ تخار سے 20 اور قندوز سے 17 قیدیوں کو رہا کر کے انہیں گھر جانے کے لیے سفری اخراجات بھی دیے گئے ہیں۔
اس سے چند روز قبل افغان طالبان نے عید الاضحیٰ کے بعد ہونے والے بین الافغان مذاکرات میں شرکت کی مشروط آمادگی ظاہر کی تھی۔